بھٹکل (ایس او نیوز) بھٹکل اور ساحلی کرناٹکاسمیت پڑوسی ریاست کیرالہ میں بھی کہیں شوال چاند نظر نہیں آیا جس کو دیکھتے ہوئے بھٹکل قاضی صاحبان نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے تیس روزے مکمل کئے جائیں گے، اسی طرح اس بات کا بھی اعلان کیا گیا ہے کہ انشائ اللہ کل بدھ ۶ جولائی کو بھٹکل میں عیدالفطر منائی جائے گی۔ بھٹکل سمیت پڑوسی اضلاع اُڈپی اور دکشن کنڑا کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست کیرالہ میں بھی متعلقہ علاقوں کے قاضی صاحبان نے مسلمانوں کو تیس روزے مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اوربتایا ہے کہ اُدھر بھی بدھ کو ہی عیدالفطر منائی جائے گی۔
جنوبی ہندوستان کے ان شہروں کے ساتھ ساتھ اُدھر سعودی عربیہ اور دیگر عرب ممالک میں بھی پیر کی شام کو چاند کہیں نظر نہیں آیا، جس کی بنا پر اُن تمام ملکوں میں بھی بدھ کو ہی عیدالفطر منائے جانے کا اعلان ہوا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی ہندوستان سمیت دیگر شہروں میں آج منگل کو ۲۹ روزے پورے ہوں گے،جس کی بنا پر اُن علاقوں میں آج چاند رات ہے۔ اگر کہیں شوال کا چاند نظر آتا ہے تونہ صرف پورے ملک میں بلکہ دنیا کے بیشترملکوں میں مسلمان ایک ساتھ بدھ کے روز عیدالفطرمنائیں گے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ملک کے دیگر شہروں میں چاند نظر آتا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب ترکی اور مصر میں آج منگل کو عید الفطرمنائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے عید کے پیغام میں قوم سمیت مسلم امہ کو عید کی مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ عید کے مبارک موقعے پر عوام اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیں، جبکہ اپنے ہمسایوں اور نادار افراد کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھیں۔
بھٹکل عیدگاہ کمیٹی کے اعلان کے مطابق امسال بارش کو دیکھتے ہوئے عیدگاہ میں نماز نہیں پڑھی جائے گی اور بھٹکل کی تمام جامع مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی۔ بھٹکل جامع مسجد، خلیفہ جامع مسجد، نوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد میں صبح ٹھیک ۷:۴۵ بجے ، مدینہ جمعہ مسجد، مخدوم کالونی جمعہ مسجد اورمسجد بلال موگلی ہونڈا میں صبح ۸ بجے اور نور مسجد سمیت دیگر تمام جمعہ مساجد میں ۸:۱۵ بجے نماز عید پڑھی جائےگی۔
اسی طرح مرکزی جماعت المسلمین تیگنگونڈی کی جانب سے خبر دی گئی ہے وہاں پر بھی بارش کے آثار کو دیکھتے ہوئے دونوں جامع مساجد میں عیدالفطر کی نماز پڑھائی جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جامع مسجد تیگنگونڈی میں صبح ۸ بجے اور جامع مسجد سیدنا ابراہیم میں ۸:۱۵ بجے عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی۔